سی پیک میں غیر ضروری منصوبے شامل کیے گئے‘وزیر اعلیٰ بلوچستان

118

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے کہا ہے کہ ماضی کی صوبائی حکومتوں نے سی پیک میں غیر ضروری منصوبے شامل کیے ،صوبے کے مغربی روٹ کا سی پیک میں کوئی ذکر تک موجود نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں خطاب اور میڈیا سے گفتگوکر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے راہداری منصوبے میں مغربی روٹ کو شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ حکمرانوں نے ترقیاتی بجٹ صرف کاغذوں میں ڈالنے کے لیے بنایا تھا جبکہ ہماری حکومت وسائل کے مطابق ترقیاتی بجٹ بنائے گی ۔سنجید گی نہ دکھائی تو5سال میں صوبائی حکومت کو صرف پنشن کی مد میں 2سو ارب روپے ادا کرنے پڑیں گے جبکہ اس وقت صرف30 ارب روپے ادا کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کچھی کینال کا منصوبہ 40 سال سے نامکمل ہے ، منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان کی ساڑھے7 لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہو گی لیکن اس کے بجائے کوئٹہ کو پنجاب سے پانی کی فراہمی کے لیے پٹ فیڈر کینال کی توسیع اور ماس ٹرانزٹ ٹرین جیسے غیر ضروری منصوبے سی پیک میں شامل کر دیے گئے۔