چیمبر کے ساتھ مل کرنوجوانوں کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ محمد وقاص جنجوعہ
اسلام آباد: اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے بلا سود قرضے جاری کرے تا کہ وہ نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کر کے نہ صرف خود معاشی خوشحالی حاصل کریں بلکہ دوسروں کیلئے روزگار پیدا کرکے ملک سے بے روزگاری و غربت کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر محمد وقاص جنجوعہ کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔ وفد میںیوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین راجہ شفقت، سینئر نائب صدر ارسلان صدیق، نائب صدر بشیر رضا، سیکریٹری جنرل تیمور اعوان اور دیگر شامل تھے۔
احمد حسن مغل نے کہا کہ حکومت سی پیک منصوبے کے تحت بننے والے اسپیشل اکنامک زونز میں نوجوان انٹرپرینیورزکو سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات فراہم کرے تا کہ نوجوان ان زونز میں سرمایہ کاری کر کے ملک کی اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملک میں یوتھ انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں اور اگر حکومت ان کیلئے بہتر ماحول پیدا کرے اور ان کو کاروبار کی طرف راغب کیلئے مفید پالیسیاں بنائے تو نوجوان پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں کی طرف لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداران اور ممبران رضاکارانہ طور پر چیمبر کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کی سرگرمیوں پر کام کریں تا کہ ملک کی بہتر ترقی کیلئے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ نوجوان انٹرپرینیورز ملک کا سرمایہ ہیں اور پاکستان کا مستقبل ان سے وابستہ ہے لہذا حکومت ان کو کاروبار معاملات میں ہر طرح سے سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی برانڈز کو دنیا میں فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کریں تا کہ ہماری برآمدات کو بہتر ترقی ملے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی کاروبار کی غرض سے کسی بیرونی ملک کا دورہ کریں تو اس کے بارے میں اچھی طرح تیاری کر کے جائیں جس سے ان کو فائدہ مند نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنے کاروباری تجربات سے آگاہ کیا اور ان کو مشورہ دیا کہ وہ کاروبار کے میدان میں شارٹ کٹ تلاش کرنے کی بجائے پوری محنت و لگن سے کام کریں تو کامیابی ان کے قدم چومے گی۔
یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسو سی ایشن آف پاکستان کے صدر محمد وقاص جنجوعہ نے اپنے خطاب میں ایسو سی ایشن کے اغراض و مقاصد سے چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ایسو سی ایشن نوجوانوں کیلئے کاروبار کے میدان میں نئے مواقع تلاش کر نے کیلئے سرگرم عمل رہتی ہے تا کہ نوجوان کامیاب بزنس مین بن کر ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی ایسوسی ایشن نوجوانوں انٹرپرینیورز کو کاروباری معاملات میں سہولت فراہم کرنے کیلئے مختلف سرگرمیوں پر کام کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن چیمبر کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھے گی تا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک کے وسیع تر اقتصادی مفاد میں استعمال کیا جا سکے۔
یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسو سی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین راجہ شفقت، سینئر نائب صدر ارسلان صدیق، نائب صدر بشیر رضا، سیکریٹری جنرل تیمور اعوان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران مقامی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔