روحیل محمد حب پاور ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر

274

کراچی: پاکستان کی سب سے بڑی آئی پی پی حب پاور کمپنی نے روحیل محمد کو اپنے ذیلی ادارے حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا ہے جوکہ حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ حبکو کی 100فیصد ملکیتی سبسڈری ہے۔ روحیل محمد حبکو کے مستقبل کی ترقی کے توانائی اور پانی کے منصوبوں کی قیادت کریں گے۔
حب پاور کمپنی اس وقت اپنے تینوں پاور پلانٹس حب، نارووال اور آزاد کشمیر سے 1600میگا واٹ بجلی پیدا کررہی ہے۔ حب پاور کمپنی پاکستان کی واحد بجلی بنانے والی کمپنی ہے جس کے چین پاکستان اقتصادی راہدار ی میں 3منصوبے شامل ہیں جن میں حب میں درآمدی کوئلے سے660میگاواٹ کے 2 پاور پلانٹس چائنا پاور حب جنریشن کمپنی لمیٹڈ،تھر میں مقامی کوئلے سے 330میگا واٹ کا تھر انرجی منصوبہ اورتھر کول فیلڈ میں بلاک II کی تعمیر کیلئے سندھ اینگرو کول مائننگ میں جوائنٹ وینچر شامل ہیں۔ 
روحیل محمد اس سے پہلے اینگرو فرٹیلائزر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر تھے۔ روحیل محمد اینگرو کارپوریشن میں بطورچیف فنانشل آفیسر اور اینگرو پاورجن لمیٹڈمیں بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی کام کرچکے ہیں۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے فنانس میں ایم بی اے اور امریکہ سے چارٹرڈ فنانشل اینالسٹ کی ڈگریاں حاصل کررکھی ہیں۔ 
روحیل محمد فنانشل اور کمرشل کا 25سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر بننے سے قبل وہ پاکستان، متحدہ عرب امارات اور یورپ میں ٹریژری، کاموڈیٹی اینڈ کرنسی ٹریڈنگ، derivatives، مرجر اینڈ ایکوزیشنز،رسک مینجمنٹ، اسٹریٹجی اینڈ فنانشل پلاننگ جیسے شعبوں میں کام کرچکے ہیں۔ 
روحیل محمدحبکو، اینگرو کارپوریشن اور اس کے کئی ذیلی اداروں اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج لمیٹڈ کے بورڈ کا بھی حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گوورننس اور سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے بورڈ کا بھی حصہ ہیں۔