کوئٹہ‘ایف آئی اے کے اہلکار کیخلاف جعلی ڈگری کا مقدمہ درج

121

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)ایف آئی اے کے کوئٹہ میں تعینات اہلکار کے خلاف جعلی ڈگری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اہلکار کو جعلی ڈگری کے ذریعے بھرتی کرانے میں مدد کرنے پر سی ٹی ڈی اسلام آباد کے افسر کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نعیم الدین پر الزام ہے کہ وہ 2014ء میں ایف آئی اے میں بطور سپاہی میٹرک کی جعلی سند پر تعینات ہوا ۔ ان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے وکیل ملک وسیم سجاد ظفر کی شکایت پر انکوائری شروع کی گئی۔ملزم نے جعلی میٹرک کی
سند اور امیگریشن لیٹر پر بلوچستان بورڈ سے ایف اے اور پھر بلوچستان یونیورسٹی سے بی اے کا امتحان بھی دیا۔ ایف آئی اے اسلام آباد کے مراسلے کے جواب میں 23جولائی2018ء کو ایف آئی اے کوئٹہ کے ڈائریکٹر الطاف حسین کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں بھی تصدیق کی گئی کہ ملزم کی میٹرک کی سندجعلی ہے۔تحقیقات مکمل ہونے کے بعد 9اکتوبر کو نعیم الدین لہڑی کے خلاف ایف آئی اے کے پولیس تھانہ انٹی کرائم سرکل اسلام آباد میں تعزیرات پاکستان کی جعل سازی اور انسداد بد عنوانی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے 2014ء سے اب تک تنخواہ کی مد میں 15 لاکھ 22ہزار روپے وصول کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے ۔ مقدمے میں ملزم کے رشتے دار فخر الدین کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔ فخرالدین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد میں بطور اکاؤنٹ افسر تعینات ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملزم نعیم الدین کی معاونت کی۔