کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے27اکتوبر کو کشمیر مارچ ہوگا

127

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بڑھتے ہوئے مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں کشمیر مارچ ہوگا ۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ اس کشمیر مارچ میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔ اس مارچ کی تیاریاں بھر پور انداز میں جاری ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کے ایک خصوصی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونیو الے یکجہتی کشمیر مارچ کی تیاریوں اور انتظامات خاص طور پر برادر اور ذیلی تنظیموں کی شرکت کا جائزہ لیا گیا۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ عوام کو دعوت دینے کے سلسلے میں بڑی تعداد میں ہینڈ بلز بازاروں اورگلی محلوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں ۔ بینرز آویزاں کیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ فلوٹ کے ذریعے سے بھی منادی کرائی جائے گی۔ جبکہ راولپنڈی شہر اور کینٹ کے اہم مقامات پر کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے اپنے فوجیوں کوکشمیر میں بھیج کر قبضہ کیا تھا۔اس غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری اب تک جدوجہد کرتے چلے آ رہے ہیں اور ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں ۔ سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ کے عوام کی ایک بہت بڑی ریلی 27 اکتوبر کو 12 بجے گلشن دادن خان مری روڈ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔