سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر خودکش حملہ ہے، شمس الرحمن

104

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی، جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ، نائب امرائے ضلع راجا محمد جواد، محمد وقاص خان، امتیاز علی اسلم، ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی اور سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سوئی گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ غربت اور مسائل کی چکی میں پسے عوام پر خودکش حملہ ہے، جو کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔ چیف جسٹس پورے ملک کے دورے کر کے سوموٹو ایکشن لیتے ہیں، ہماری ان سے درخواست ہے کہ وہ اس ظلم کا نوٹس لیں اور غریب عوام کو ریلیف دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہر انتخابات کے بعد عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے اور آنے والی حکومت عوام کو سہانے سپنے دکھاتی ہے مگر ستر سال میں حکمران بدلتے ہیں لیکن غریب عوام کے لیے پالیسی نہیں بدلتی، جس کی وجہ سے ملک میں آج تک حقیقی تبدیلی نہیں آسکی۔ انہوں نے کہاکہ اس ظلم و جبر کے نظام کے خاتمہ اور عام آدمی کو انصاف دینے کے لیے قرآن کا نظام عدل نافذ کیا جائے۔ جب شریعت کی روشنی میں فیصلے ہوں گے تو ظلم کے اندھیرے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی اسلامی ریاست آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے در پر سر جھکانے اور ان کی غلامی سے نہیں بنتی ملک کوسودی معیشت سے نجا ت دلا کر اسلامی نظام معیشت قائم کی جائے تاکہ مسائل کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔