پی ایم اے کے تحت کراچی سینٹرل اسپتال تعمیر،6 منزلہ 4 ٹاور, بانجھ پن, ایڈز, فیسٹولا, ہیلی پیڈ کی سہولت میسر ہو گی، افتتاحی تقریب سے خطاب

284

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے انسٹی ٹیوٹ آف پری ونشن میڈیسن ریسرچ سینٹر کے تحت کراچی میں کراچی سینٹرل اسپتال تعمیر ہو گا۔ واٹر پمپ پر پی ایم اے کے تحت 6,6 منزلہ 4 ٹاور تعمیر ہوں گے جن میں اپنے اپنے شعبوں کے ماہر فرائض انجام دیں گے اور یہاں بانجھ پن، ایڈز، فیسٹولا سمیت تمام مہلک اور متعدی امراض کا علاج کیا جائے گا جب کہ ایمرجنسی ٹراما سینٹر، ہیلی پیڈ اور مسجد بھی گراﺅنڈ ایریا میں تعمیر ہو گی۔ یہ بات اسپتال کی افتتاحی تقریب میں بتائی گئی۔ تقریب میں مختلف مکاتب فکر کی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس منصوبے کو سراہا۔ اس موقع پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ پروفیسر ٹیپو سلطان، پی ایم اے سینٹر کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد، ڈاکٹر قاضی واثق، ڈاکٹر خلیل مقدم، ڈاکٹر عبدالغفور شورو و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ کراچی میں اپنی نوعیت کا بڑا منصوبہ ہے جہاں بہت سی طبی سہولتیں مفت میسر ہوں گی نیز بیسمنٹ میں 2 منزلہ پارکنگ ایریا بھی تعمیر ہو گا تاکہ مریضوں اور ڈاکٹروں کو پارکنگ میں پریشانی نہ ہو۔