بلوچستان کا این ایف سی سے متعلق وفاق کے فیصلے کی مخالفت کا فیصلہ 

120

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کو 3 فیصد حصہ دینے کیلیے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) سے تمام چاروں صوبوں کا حصہ کم کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔صوبائی مالی امور حکام کے مطابق فاٹا کے خیبر پختونخوا (کے پی) میں انضمام کے بعد این ایف سی میں 3 فیصد حصہ فاٹا کو مختص کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔فاٹا کے انضمام کے بعد خیبر پختونخوا کے رقبے اور آبادی میں اضافے سے حصہ بڑھ جائیگا۔حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان اس معاملے پر اپنے موقف کو بھرپور انداز میں پیش کرے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے فیصلہ کی منظوری تمام صوبوں کی تائید کے بغیر حاصل ہوجائیگی۔ان کا کہنا تھا کہ ساتویں این ایف سی میں صوبوں کو دیے گئے حصے میں کمی نہیں کی جاسکتی کیونکہ اس کو آئینی تحفظ حاصل ہے۔واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان کے کسی وزیراعلیٰ یا مالی امور کے عہدیدار نے صوبے کے حصے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ساتویں این ایف سی ایوارڈ میں اس وقت کے وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی نے بلوچستان کے مطالبات سامنے رکھے تھے جس کے نتیجے میں صوبے کے حصے میں اضافہ ہوا تھا۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، ہزارہ دیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی)، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سمیت صوبے کی تمام جماعتوں نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی کھل کر مخالفت کی ہے۔انہوں نے تجویز دی ہے کہ اگر وفاقی حکومت فاٹا کو 3 فیصد حصہ دینا چاہتی ہے تو اس کو اپنے حصے سے دینا چاہیے۔