گیس کی قیمتوں میں اضافہ سوپ انڈسٹری بری طرح متاثرہو رہی ہے. عثمان احمد

299

پاکستان سوپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عثمان احمد نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ملک میں جمود کا شکار صنعتوں کے لئے پہیہ جام ثابت ہوگا۔ پاکستان کو مشکل ترین معاشی صورتحال سے نکالنے کے لئے صنعتی اور کاروباری ترقی انتہائی ضروری ہے، لیکن گیس جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اضافے نے کاروباری لاگت میں اضافہ اور صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال دی ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس ٹیرف میں حالیہ40فیصد اضافہ کی وجہ سے گھریلو صارفین اور صنعت کار دونوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔
عثمان احمد نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جون 2018ء میں اوگرا نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے 618 ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت میں اضافے کی تجویز دی لیکن حیران کن طور پر حکومت نے 780 ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ گیس ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی طرف سے لائن لاسز کو کنٹرول کئے بغیر صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنا زیادتی کے مترادف ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر نہ صرف مقامی انڈسٹری پر اضافی بوجھ پڑے گا بلکہ پاکستان کی برآمدات بھی متاثر ہوں گی جس کے باعث مقامی انڈسٹری بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلے کی سکت کھو دے گی اور وسیع پیمانے مزدور طبقہ بے روزگار ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ صنعتیں اور تجارت فعال ہوں ۔ بیرونی ممالک میں حکومت انڈسٹری کو مطابقت دینے کے لئے یوٹیلٹی چارجزکم قیمت پر فراہم کرتی ہیں لیکن ہماری حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صنعتیں انتہائی دشوار گزار دور سے گزر رہی ہیں ۔ صنعتی پیداوار کو زیادہ مہنگا کردیا گیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہماری مصنوعات جگہ بنانے میں ناکام ہورہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی اور مانیٹری پالیسیوں کو صنعتی شعبے کی حمایت حاصل نہیں ہے۔ایسا لگتا ہے کہ ہمارے اقتصادی ماہرین صنعتی شعبے کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہے۔ عثمان احمد نے کہا کہ ملک کے اقتصادی ماہرین تضاد کا شکار ہیں ۔کچھ عرصے قبل وہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے مثالی ماحول بنانے کا دعویٰ کرتے تھے جبکہ حال ہی میں اپنے دعوؤں کے برعکس فیصلے کرنے سے پاکستان کی صنعتیں اور برآمدات بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کاروبار کے لئے بہترین ملک ہے لیکن حکومت کے نااہل حکام کے پاس منصوبہ بندی کی کمی ہے۔لہذا گیس قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری واپس لیا جائے تاکہ ملک میں مقامی انڈسٹریاں بند ہونے سے بچ جائیں۔
آخر میں سوپ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عثمان احمد نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا فوری نوٹس لیں تاکہ صابن سازی کی مقامی صنعت مکمل تباہی اور ملک بڑے پیمانے پر بیروزگاری سے بچ جائے۔