امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو 4 موبائل کلینکس کا تحفہ

359

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب میں شمالی امریکا میں مقیم سابق طلبہ کی تنظیم نے ایپنا کے تعاون سے یونیورسٹی کو چار موبائل کلینک یونٹس کا تحفہ دیا ہے۔ اس ضمن میں سروس کا افتتاح چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ مو بائل کلینکس کراچی کے مضافاتی علاقوں میں صحت کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تھرپارکر، بدین اور جام شورو میں اس حوالے سے کام کر رہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ میڈیکل یونیورسٹیز بھی اس حوالے سے ہمارا ساتھ دیں تاکہ اندرون سندھ صحت کی سہولتیں بہتر بنائی جا سکیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر طارق رفیع نے بریفنگ بھی دی اور یونیورسٹی میں قائم مختلف شعبوں کے حوالے سے آگہی فراہم کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھاکہ لوگوں کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

موبائل کلینکس کے افتتاح کے موقع پر ایپنا کے چیئرمین میڈیا کمیٹی اختر حمیدی، ڈین ڈاکٹر غلام سرور، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر لبنیٰ بیگ، رجسٹرار ڈاکٹر سعدیہ اکرم سمیت فیکلٹی اسٹاف کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ علاوہ ازیں سی ایم ای کی انچارج ڈاکٹر راحت کا ” کہنا تھا کہ ان موبائل یونٹس پر جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی کے طلبہ و طالبات بھی رضا کارانہ اپنی خدمات انجام دیں گے جس کا بنیادی مقصد انہیں دوران تعلیم عملی تربیت کی فراہمی بھی ہے۔ ڈاکٹر راحت کا مزید کہنا تھا کہ ان موبائل کلینکس یونٹس سے شہر کے مضافاتی اور کچی آبادیوں کے شہریوں کو بہت فائدہ پہنچے گا جو اپنی غربت کے باعث علاج معالجے سے محروم رہتے ہیں، یہ یونٹس ان نادار مریضوں کو اپنی خدمات مفت فراہم کریں گے کہ جو اپنی ناداری کے باعث اسپتالوں تک رسائی نہیں رکھتے۔ ڈاکٹر راحت نے بتایا کہ ان موبائل کلینک یونٹس پر یونی ورسٹی کے طلبہ و طالبات کے علاوہ تجربہ کار اور پوسٹ گریجویٹس ڈاکٹرز اپنی خدمات فراہم کریں گے، ان موبائل کلینک یونٹس پر مضافاتی علاقوں، کچی بستیوں اور گوٹھوں میں مختلف امراض کے حوالے سے ابتدائی طبی امداد فراہم کی جائے گی۔