گوادر میں ایشائی پارلیمانی  کانفرنس کی تیاریاں مکمل

122

گوادر(صباح نیوز)گوادر میں ایشائی پارلیمانی کانفرنس منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں،کانفرنس کے لیے 97وفود کو دعوت دی گئی ،26ممالک نے وفود بھیجنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ بھارت نے کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ،وفود کی آمد 28اکتوبر سے شروع ہوجائے گی، ایشیائی پارلیمانی اجلاس کا ایجنڈا جلد جاری کر دیا جائے گا۔یہ بات چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی کے شبلی فراز نے کہا کہ کانفرنس کے ذریعے گوادر کو دنیا کے سامنے لانے کا اہم موقع ملے گا، گوادر شہر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔ مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود آنے سے دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام جائے گا۔جے یو آئی کے رہنما سینیٹر غفور حیدری نے کہا کہ اس پروگرام کو گوادر میں رکھنے کا مقصد اس شہرکی شہرت میں اضافہ کرنا ، گوادر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ’سی پیک ‘کا اہم حصہ ہے اور ترقی کا بڑا ذریعہ ہے، انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا اعزاز صادق سنجرانی کو جاتا ہے۔ن لیگ کے رہنما جاوید عباسی نے کہا کہ کانفرنس کو گوادر میں کرنا ایک بڑا فیصلہ تھا، ایسا فیصلہ پہلی بار لیا گیا ہے۔