تبدیلی کے نام پر لوگوں کی جیبوں پر ڈاکے نہ ڈالے جائیں

95

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان نے حکومت کی طرف سے میٹرو بس سروس کو دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرنے اور کرایوں میں اضافے کی خبرو ں پر سخت تشویس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمن فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ضیا اللہ چوہان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت سیاسی اختلاف کی بنا پر عوام کومیسر ایک سہولت سے محروم نہ کرے۔ حکومت کا کام لوگوں کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے ۔ پہلے سے موجود سہولتوں کو ختم کرنا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ موجودہ حکمران دیگربڑے بڑے شہروں میں بھی عوام کو ٹرانسپورٹ کی سستی اور معیاری سہولیات فراہم کرتے ٗ اُلٹا انہوں نے آتے ہی پہلے سے میسر سہولتوں کو بھی مہنگا کرنے کے اعلانات کرنا شروع کر دیے ہیں ۔ حکومت کی یہ سوچ اور اعلان کسی طرح بھی عوامی مفاد میں نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات ٗ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک طوفان آجائے گا ۔جو کہ عوام کیلیے ناقابل برداشت ہوگا۔ حکومت کو شاید اس کی سنگینی کا اندازہ نہیں ہے ۔ ضیا اللہ چوہان نے مطالبہ کیا ہے کہ تبدیلی کے نام پر لوگوں کی جیبوں پر ڈاکے نہ ڈالے جائیں ۔ حکومت عوام کے مفاد میں اس عاجلانہ فیصلے کو واپس لینے کا اعلان کرے۔