عالمی برادری بھارت کے سفاکانہ اقدامات کیخلاف فوری نوٹس لے، امیر العظیم

161

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم اور بھارتی ظلم کیخلاف اپنے شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت نے دنیاکی نظروں میں دھول جھونکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں نام نہادالیکشن کا ڈھونگ رچایا۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کاہتھکنڈااختیار کررکھاہے۔ حالیہ 14 کشمیریوں کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔بھارت اپنی تمام ترریاستی دہشت گردی کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنے میں ناکام ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کشمیریوں کے قتل عام کورکوانے اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کودنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے عالمی سطح پر وفود بھجوانے کا اہتمام کریں۔انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور جموں وکشمیر میں ہونے والے مظالم کو بھرپورانداز میں اجاگر کیاتھا۔اب دنیا کو اس حوالے سے اپنامثبت کردار اداکرنا ہوگا۔ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے سے راہ فراراختیارکیے ہوئے ہے۔3 کروڑ کشمیری عوام کوجب تک حق خودارادیت نہیں دے دیا جاتاعالمی امن کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے نکلنے والے دریاپاکستان کو سیراب کرتے ہیں،ایسا کسی صورت ممکن ہی نہیں کہ پاکستان کے22کروڑعوام اس سے دستبردار ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کابچہ بچہ بھارت کے غاصبانہ قبضے سے نجات چاہتاہے ۔ بھارت کشمیر یوں کوان کاجائز اور بنیادی حق خودارادیت دے۔انہوں نے کہاکہ اب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ افراد کوشہید،ہزاروں خواتین کوبیوہ اور لاکھوں بچوں کو یتیم بنا چکاہے۔انڈین عقوبت خانوں میں ہزاروں کشمیری نوجوان بھارتی سیکورٹی فورسزکے بدترین مظالم کوبرداشت کررہے ہیں مگر ان کاجذبہ آزادی ماند نہیں پڑا۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اورپاکستان کے پرچم میں دفنایاجانا پسند کرتے ہیں۔پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بھارت کے ان ظالمانہ اور سفاکانہ اقدامات کے خلاف فوری نوٹس لینا چاہیے۔