غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکل چکا، راشد محمود سومرو

111

سکھر( نمائندہ جسارت) جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری ایم ایم اے کے صدر علامہ راشد محمود سومرو نے موجودہ وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے تاریخ کی ناکام ترین حکومت قرار دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سکھر میں مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبیداللہ بھٹو ابن آزاد، مولانا عبدالحق مہر اور دیگر سے بات کرتے ہوئے کیا۔ علامہ راشد محمود سومرو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی اور غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے دو ماہ کے اندر ملکی معیشت کا دیوالیہ نکل چکا ہے۔ ملکی تاریخ کا بدترین معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ جس کے بعد عوام کو مہنگائی کی سونامی نے اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کی چیخیں نکل گئی ہیں، لیکن حکمراں سب ٹھیک ہو جائیگا کا ثردہ سنا رہے ہیں اور اپنی نااہلی کو چھپانے اور عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اس بحران کی ذمہ داری سابق حکومتوں پر عائد کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھا کر جلاباغ دیا اور مسائل حل کرنے کے بجائے مزید ابتر کر دیئے، نئے پاکستان کی آڑ میں نئی مصیبتیں پیدا کر رہی ہے۔ علامہ راشد محمود سومرو جوکہ جے یو آئی کے مرکزی ناظم انتخابات بھی ہیں، کا کہنا تھا کہ حکومت خارجی پالیسیوں میں بھی ناکامی سے دوچار ہے۔ حکومت کی کمزوری کی وجہ سے عالمی استعماری قوتیں ملک، اسلام وعوام دشمن اقدامات کے لئے دباؤ بڑھاتے ہوئے ملک کا گھیراؤ کر رہی ہیں، حکومت داخلی اور خارجی محاذوں پر ناکامی سے دوچار ہوگئی ہے۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن کا متحد ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے۔ وزراء حواس باختہ ہوگئے ہیں اس کا ڈوبنا مقدر بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت پہلی اور آخری ناکام اور مختصر ترین حکومت لکھی جائیگی۔
اندھیر نگری چوپٹ راج کا خاتمہ کرکے ہی تبدیلی لائی جاسکتی ہے، عبدالقیوم شیخ
حیدرآباد(نمائندہ جسارت) سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالقیوم شیخ نے وزیر اعظم کی توجہ کراتے ہوئے کہاہے کہ امراء کے مال حرام نے غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ایسے قوانین بنائے جائیں جس میں غریب کا تحفظ ہوسکے جزاء وسزا کا قانون بنایاجائے اندھیر نگری چوپٹ راج کا خاتمہ کرکے ہی تبدیلی لائی جاسکتی ہے ملک سے سفارشی کلچر کا خاتمہ کی جائے عریب عوام غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں جو کہ ملک کے لئے انتہائی مایوس کن صورتحال ہے ۔