بدعنوانوں کا ٹولہ اکٹھا ہوگیا، محاسبہ ناگزیرہے، امیر العظیم

141

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ جعلی اکاؤنٹس کامعاملہ اربوں روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس کیس میں مزید پیش رفت ہوتی جارہی ہے۔مزیدنام اور کمپنیاں سامنے آرہی ہیں۔اس حوالے سے جے آئی ٹی کی رپورٹس میں ہونے والے انکشافات نے قوم کو تشویش میں مبتلاکردیا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے بڑے ناموں کو چھپانے کے لیے جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہ کرناقابل مذمت اور لمحہ فکر ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے سازش کے تحت اس معاملے کو سردخانے میں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں کرپٹ عناصر نے اپنی لوٹ مار کے ذریعے کرپشن کی انتہاکردی ہے۔ تمام کرپٹ افراد ایک دوسرے کوبچانے کی غرض سے متحد ہوچکے ہیں۔ اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن کا بازار گرم ہے۔ ایک طرف عوام کو دووقت کی باعزت روٹی دستیاب نہیں تو دوسری جانب دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور لوٹ مار کی بدولت مٹھی بھر اشرافیہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوچکی ہے۔ امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتاجارہا ہے۔ بااثرافراد کے لیے الگ قانون رائج ہے اور غریب عوام کے لیے الگ قانون ہے۔ بڑے بڑے کرپٹ افراد ملک وقوم کے اربوں روپے لوٹ کر بھی آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں اور ان کوکوئی پوچھنے والا نہیں۔ کرپٹ افراد چاہے ان کا تعلق سرکاری محکموں سے ہو یا پھر وہ کسی سیاسی جماعت میں ہوں جنہوں نے بھی منی لانڈرنگ کی اور قومی خزانے کو لوٹاہے۔ ان سب کا کڑا اور سخت احتساب کیا جائے۔ ملک میں جب تک کرپٹ عناصر اور کرپشن دونوں کا خاتمہ نہیں کردیا جاتا پاکستان ترقی وخوشحالی کی جانب نہیں بڑھ سکے گا۔ دنیا کے بہت سارے ممالک ایسے ہیں جہاں کرپشن ثابت ہونے پر سخت ترین سزائیں دی جاتی ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان میں سزاؤں پر عمل نہیں ہوتا۔ جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی مضبوط اور پائیدار جمہوریت قائم نہیں ہوسکے گی۔
بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بقا کے لیے قربانیاں دیں، سمیرا گل
راولپنڈی (جسارت نیوز) کستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ضلعی صدر سمیرا گل نے بیگم نصرت بھٹوکی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نصرت بھٹو کی قربانیوں کی وجہ سے آج جمہوریت قائم ہے۔ انہوں نے اپنی آخری سانس تک جنگ لڑی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بھٹو کے فلسفے اور نظریے پر چل کر جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی مسائل پر توجہ دی جائے۔