بھارت مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں افراد کو شہید کرچکا، سردار ظفر خان

83

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم اور بھارتی ظلم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ افراد کو شہید، ہزاروں خواتین کو بیوہ اور لاکھوں بچوں کو یتیم بنا چکا ہے۔ بھارتی عقوبت خانوں میں ہزاروں کشمیری نوجوان بھارتی سیکورٹی فورسزکے بدترین مظالم کو برداشت کررہے ہیں، مگر ان کا جذبہ آزادی کم نہیں ہوا۔ بھارت اپنی تمام تر ریاستی دہشت گردی کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنے میں ناکام ہوچکا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کشمیریوں کے قتل عام کو رکوانے اور ہندوستان کے گھناؤنے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے عالمی سطح پر وفود بھجوانے کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرنے سے راہ فرار اختیار کیے ہوئے ہے۔ کشمیری عوام کو جب تک حق خود ارادیت نہیں دے دیا جاتا عالمی امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ بھارت نے دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد الیکشن کا ڈھونگ رچایا۔ سازش کے تحت جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا ہتھکنڈا اختیار کر رکھا ہے۔