قومی احتساب بیورو کی کارکردگی پر عدالت عظمیٰ کے تحفظات لمحہ فکر ہیں ،امیر العظیم

116

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ قومی احتساب بیورو کی کارکردگی پر عدالت عظمیٰ کے تحفظات تشویش ناک اور لمحہ فکر ہیں۔ نیب کا ادارہ جنرل مشرف کے دور میں بنایاگیا تھا، اس کامقصد کرپشن کا خاتمہ اور کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی ملکی دولت وصول کرنا تھا مگر افسوس ناک امر یہ ہے کہ سابق ڈکٹیٹرجنرل مشرف کے دور میں بھی اسے ذاتی اور سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا گیا۔ سابق ڈکٹیٹرکے دور حکومت میں وفاقی وزرا کی کرپشن کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا اور نیب کا ادارہ سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال ہوتا رہا۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے بطور نیب کے سربراہ مقرر ہونے پریہ توقع کی جارہی تھی کہ نیب کا ادارہ بلا امتیاز کرپٹ افراد کیخلاف کارروائی کرے گا مگر ابھی تک ایسی صورتحال دکھائی نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں شامل دیگر 436 افراد، سوئس اکاؤنٹس اور قرضے معاف کرانے والے بااثر افراد کو احتساب کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ احتساب کا دائرہ کار کسی ایک پارٹی اور ایک خاندان کیخلاف نہیں ہونا چاہیے بلکہ کرپٹ افراد چاہے ان کا تعلق کسی بھی پارٹی سے کیوں نہ ہو ان کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ پوری قوم ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور ملکی دولت لوٹنے والوں کا احتساب چاہتی ہے۔ نیب کی جانب سے تمام مقدمات میں بلاتفریق پیروی ہونی چاہیے مگر بدقسمتی سے قوم میں ایسا تاثر جارہا ہے کہ جیسے نیب نے کچھ افراد اور خاندانوں کو ٹارگٹ کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ریمارکس نے نیب حکام کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ احتساب بیورو پر قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں مگر یہ ادارہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہورہا ہے۔ محض شک کی بنا پر لوگوں کو پکڑ کر کئی کئی دن غیرقانونی طور پر حراست میں رکھا جاتا ہے اور گرفتاریوں کے بعد ثبوت تلاش کیے جاتے ہیں، یہ روش اب تبدیل ہونی چاہیے۔ نیب سمیت تمام انسداد کرپشن کے اداروں کو ہر قسم کے دباؤ سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جماعت اسلامی سکھر کے امیر مولانا حزب اللہ جکھرو کی ڈی آئی جی سکھر اقبال دارا سے ملاقات
سکھر(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیرمولانا حزب اللہ جکھرو کی قیادت میں جماعت اسلامی کے ایک وفد نے ڈی آئی جی سکھرپولیس اقبال دارا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد میں مولانا سلطان احمد لاشاری اور ریاض احمد گڈانی و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وفد نے ڈی آئی جی پولیس کو سکھر تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ریاض گڈانی کے مسئلے پر تعاون پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔وفد کی شکایت پر ڈی آئی جی سکھر نے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ گھوٹکی عظمت جونیجو کے والد پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔