نہتے کشمیری بھارتی فوج کے مظالم کا مقابلہ ثابت قدمی سے کررہے ہیں 

77

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام بھارت کی غاصب فوج کے مظالم کا مقابلہ بڑی ثابت قدمی سے کررہے ہیں ۔ 27اکتوبرکوخطہ پوٹھوہارکے ہزاروں مردوخواتین اور بچے آبپارہ کے کشمیرمار چ میں شریک ہوکرمظلوم کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کریں گے ۔تشدد کی حالیہ لہرکے باوجود عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردارادا کررہی ہے خواتین اوربچوں پرتشد د کے باوجود نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں اس ظلم کوروکنے کیلیے کوئی کردارادانہیں کررہیں،کشمیر ی عوام پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں لیکن بدقسمتی سے سابقہ ادوارکی طرح موجود ہ حکومت بھی محض بیانات اورمذمت تک محدودہے، عالمی سطح پرکشمیر ی عوام کے حق میں مہم کیلیے کوئی کردارنہیں اداکیا جارہا،حکومت اوراپوزیشن پرمشتمل پارلیمانی وفد کومسلم ممالک سمیت کشمیرپالیسی سے ہم آہنگ دوست ممالک کے ساتھ مل کراس ظلم کوروکا جائے اوربھارت کے عالمی قوانین کے تابع کیلیے دباؤ بڑھایا جائے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پی پی 20کے امرائے یونین کونسل ودیگرذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرزونل رہنما ثاقب صدیقی ،ڈاکٹرقاسم سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ذمے داران نوجوانوں ، وکلا ، ڈاکٹرز، انجینئرز ، مزدوروں سمیت ہرمکتب فکرکے افراد سمیت عوام سے بڑے پیمانے پررابطہ کریں اور انہیں کشمیرمارچ میں شرکت کی دعوت دیں ۔