بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدود پار کرچکا ہے،محمد یاسر اقبال

74

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈویژن محمدیاسراقبال کھاراایڈووکیٹ اورجنرل سیکرٹری عمران منیرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اورمختلف پابندیوں سے مقبوضہ کشمیر میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ۔ ٹرین سروس،موبائل اور انٹرنیٹ سروس کئی روز سے معطل ہے۔مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی اپیل پربھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے خلاف مسلسل ہڑتالوں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم انتہاکو پہنچ چکے ہیں مگر افسوس ناک اور شرمناک امر یہ ہے کہ اقوام متحدہ،عالمی برادر ی اور انسانیت کے علمبردار ممالک اس ساری صورتحال پرخاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارت کے مظالم،بربریت اور تشدد کو عالمی سطح پر اٹھائے۔اس وقت تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر کاپائیدار اور پُرامن حل نہیں نکالا جاتا۔ بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدود پار کرچکا ہے۔ترکی کے صدرایردوان کی ثالثی کی پیشکش کا جواب نہ دے کر بھارت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ عالمی برادری کی پروانہیں کرتا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں بھارت کی سات لاکھ سے زائد فوج کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی آوازکو دبا نہیں سکی۔مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک دن پردن زورپکڑتی جارہی ہے۔وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد کشمیر کی طرح پاکستان کا حصہ بنے گا۔دنیا کواس حوالے سے اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر بھارت کااٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے۔ہمارے تمام دریا کشمیر سے نکلتے ہیں اور پاکستان کے کھیتوں کوسیراب کرتے ہیں۔مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ہندوستان70برسوں سے غاصبانہ قبضہ کرکے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کوشہید کرچکا ہے۔ہزاروں خواتین کی عصمت دری اورنوجوان کو عقوبت خانوں میں ڈال کرتشدد کی داستانیں بھارت کے گھناؤنے چہرے کوبے نقاب کرتی ہیں۔