سعودی پیکج کا حصول وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیابی ہے

280

شرائط سے پاک پیکج سے ملکی ترقی میں مدد ملے گی، پاکستان کے مالی مسائل میں کمی آئے گی

کراچی :فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی(ایف پی سی سی آئی) کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ سعودی امدادی پیکج کا حصول وزیر اعظم عمران خان کی بڑی کامیابی ہے جس سے ملک کے مالی مسائل میں کمی آئے گی۔

اس کامیابی سے کاروباری برادری نے سکون کا سانس لیا ہے، سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے جبکہ امریکی ڈالر کی قدر میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔چھ ارب ڈالر کاسعودی پیکج شرائط سے پاک ہے جبکہ اس سے آئی ایم ایف پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔غضنفر بلورنے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کی کوششوں سے دونوں ممالک مزید قریب آ جائیں گے

جبکہ آئی ایم ایف کی شرائط میں کچھ نرمی متوقع ہے۔انھوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان میں کرپشن میں خاطر خواہ کمی کی نشاندہی کی ہے جس سے ملکی معیشت اور ساکھ بہتر ہو گی۔عوام اور کاروباری برادری کو وزیر اعظم عمران خان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اور انکے چین کے آمدہ دورے سے بھی ملک کو فائدہ ہو گا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت جلد ہی عوام کو ریلیف دینا شروع کر دے گی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ بعض عناصر اس پیکج پر اعتراضات کر رہے ہیں جنھیں ملکی صورتحال کا ادراک نہیں ہے یا جان بوجھ کر انجان بنے ہوئے ہیں ۔