،داخلہ ٹیسٹ پی ایم ڈی سی کے مروجہ اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے منعقد کیے جا رہے ہیں، پروفیسر طارق رفیع وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی

288

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور فارمیسی سال اول میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ آج ہوگا جس میں صوبے بھر سے طلبہ حصہ لے سکیں گے۔ اس سے قبل ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور فارمیسی سال اول میں داخلوں کے لیے پراسپیکٹس 9 اکتوبر تک فراہم کیے گئے۔ اس ضمن میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے بتایا کہ رواں برس کراچی میں آٹھ ہزار طلبہ این ٹی ایس ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس حوالے سے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے اور طلبہ بآسانی امتحانی مرکز تک رسائی حاصل کرسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ داخلہ ٹیسٹ پی ایم ڈی سی کے مروجہ اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر عرفان اشرف نے بتایا کہ جو طلبہ اب تک ایڈمٹ کارڈ حاصل نہیں کر سکے ہیں وہ این ٹی ایس کی ویب سائٹ سے اپنا ایڈ مٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر کے کسی بھی تصویر والی شناختی دستاویز کے ساتھ امتحان میں بیٹھ سکتے ہیں۔