بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے ،شفیق آرائیں

158

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنما استاد شفیق آرائیں نے بجلی کی قیمتوں میں 15فیصد تک اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر اقتدار حاصل کرنیوالی حکومت ملک سے غریبوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، گیس، پیٹرول بم کے بعد اب عوام پر بجلی گرائی گئی ہے، مہنگائی کے عذاب سے دوچار غریب عوام کیلیے اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا بھی مشکل ہوگیا ہے، نیا پاکستان بنانے والے پرانے پاکستان کے حکمرانوں کی طرح عوام کے ناتواں کاندھوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ جس سے عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے، عمران خان قوم سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، اصغر علی بھٹی، نثار راجپوت، احسان بندھای، نعیم مغل و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ استاد شفیق آرائیں و دیگر نے کہاکہ سعودی عرب سے زبردست پیکیج ملنے کی بات کرنیوالے عمران خان عوام کو بتائیں کہ بجلی کیوں مہنگی کی گئی ہے، بجلی مہنگے ہونے کے اثرات غریب عوام پر براہ راست متاثر ہونگے کیونکہ جو لوگ 300یونٹس سے زیادہ بجلی چلاتے ہیں وہ بجلی کے نرخ بڑھنے کے بعد عوام کو فروخت کی جانیوالی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرکے اپنا منافع پورا حاصل کریں گے۔ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنا شروع کردیے ہیں، ملک میں ایک غریب آدمی اپنے بچوں کو 2وقت کی روٹی کتنی محنت و مشقت سے کھلاتا ہے اس کا احساس حکمرانوں نہیں، اس لیے وہ ہر چند ماہ بعد کبھی بجلی، کبھی گیس اور کبھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کے اس اقدام سے عوام میں مایوسی کی لہر پھیل رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیکر قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیکر عوام کو ریلیف فراہم کریں۔