بچوں کی صحت بہتر کرنے کے لیے قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا، اطالوی قونصل جنرل اینا روفینو

430

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اٹلی کی قونصل جنرل اینا روفینو نے کہا ہے کہ پاکستان میں بچوں کی صحت بہتر کرنے کے لیے قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا جس کے تحت گیس لینی چلڈرن اسپتال اٹلی اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال کراچی کے ڈاکٹر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھیں گے اور تربیت کے لیے دونوں ممالک کے ڈاکٹرز دورے کریں گے اس سلسلے میں بہت جلد ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے دورے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ گیس لینی چلڈرن اسپتال کے ڈائریکٹر و دیگر بھی موجود تھے۔ قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا نے انہیں اسپتال کا دورہ کرایا۔ ڈاکٹر جمال رضا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیر سگالی دورے کا بنیادی مقصد اٹلی کے ماہرین صحت اطفال کو پاکستان کی طبی صورت حال سے آگاہ کرنا ہے، بچوں کے علاج کے لیے دنیا کے بہترین سینٹرز کے ساتھ رابطے مسلسل ہونا ضروری ہیں۔ قونصل جنرل اینا روفینو کا مزید کہنا تھا کہ یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، اسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ دل جوئی سے مریضوں کی خدمت کر رہا ہے، بہت جلد این آئی سی ایچ اور گیس لینی چلڈرن اسپتال کے درمیان معاہدے کریں گے جس کے تحت ڈاکٹروں اور عملے کو اٹلی اور اٹلی کے ڈاکٹروں کو پاکستان میں تربیت دی جائے گی۔