سکھر (نمائندہ جسارت) ملی یکجہتی کونسل صوبہ سندھ کے نائب صدر جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ کرپٹ اور چور جب ملک کے حکمران ہوں گے تو ملک کی کشتی ڈوب جائے گی اور عوام غربت کی چکی میں پستے رہیں گے۔ باگڑجی میں اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیم، صحت سمیت تمام شعبے کرپشن کی نذر ہوگئے ہیں، ترقیاتی کام سیاست کی زد میں آگئے ہیں، جس کی وجہ سے سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھرمیں پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے۔ ابلتے گٹر اور کچرے کے ڈھیر سکھر کی پہچان بن گئے ہیں، ٹانگہ اسٹینڈ سے قریشی گوٹھ اور آئرن منڈی تک روڈ دس سال میں بھی تعمیر نہیں ہوسکا، جس کی وجہ سے عوام اذیت اور گندگی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ شہر کے میئر امریکا کی سیر کررہے ہیں اور منتخب نمائندوں کو فرصت نہیں کہ عوام میں آکر ان کے مسائل حل کریں۔