نانبائی ایسوسی ایشن کا روٹی کی قیمت 10روپے کرنے کا مطالبہ

92

راولپنڈی (اے پی پی) متحدہ نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا ۔جڑواں شہروں کی متحدہ نانبائی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی میں دن پردن اضافہ ہوتا جا رہاہے جبکہ ضلعی انتظامیہ روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دے رہی ۔ عہدیداران نے کہاکہ گیس لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی کے استعمال پر مجبور ہیں تاھم مہنگی ایل پی جی استعمال کر کے سادہ روٹی سات روپے میں دینے سے قاصر ہیں ۔متحدہ نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیق قریشی نے اتوار کو قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ضلعی انتظامیہ کو نانبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے تحریری درخواست دی ہے کہ موجودہ مہنگائی میں نانبائی سادہ روٹی 7روپے میں فروخت نہیں کر سکتے کیونکہ ایل پی جی گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور راولپنڈی کے 60سے 70فیصد علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے ۔شفیق قریشی نے کہاکہ نانبائی ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا ہے اور شہر بھر میں کہیں مقررہ قیمت سے زائد پر روٹی کی فروخت نہیں ہونے دی تاہم اب مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہیں اور سادہ روٹی کی قیمت 10روپے کرنے کا جائز مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ ساتھ سوئی گیس کی قیمت میں 390روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ بھی لاگو کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق نومبر میں موصول ہونے والے بلوں میں ہو گا ۔ انہوں نے کہا اگرنانبائی ایسوسی ایشن کے مطالبے پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو شہر بھر میں تندور بند کر دیں گے ۔اس حوالے سے ایسوسی ایشن نے اپنا لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے ۔متحدہ نانبائی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد خورشید قریشی، جوائنٹ سیکرٹری محمود طلحہ قریشی اور نائب صدر محمد جہانزیب عباسی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ملزمالکان نے 85کلوگرام وزن سے کم کر کے وزن 84کلو گرام کر دیا ہے جبکہ پٹ سن کی بوری کے بجائے سفید توڑے کی پیکنگ شروع کر د ی ہے ۔اس صورتحال سے بھی نانبائی متاثر ہوئے ہیں ۔واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے نانبائی ایسوسی ایشن کو پرائس کنٹرول کمیٹی میں روٹی کی قیمت کا معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔راولپنڈی چکلالہ کینٹ و شہر کی مختلف مارکیٹوں کے ایک سروے کے دوران انکشاف ہو اکہ نان بائیوں نے ضلعی حکومت کی اجازت کے بغیرپہلے ہی پتیری روٹی کی قیمت 7روپے سے 8روپے ،سادہ نان آٹھ روپے سے بڑھا کر دس روپے ، تل والا نان اور کلچہ دس روپے سے بڑھا کر 12 روپے اور روغنی نان20 روپے سے بڑھا کر25 روپے کردی ہے۔