اینگروکا پرائمری ہیلتھ کیئریونٹ کی تعمیر کے لیے معاہدے پر دستخط

319

 

یونٹ کے منصوبے کی تعمیر پر7 1.5کروڑ روپے لاگت آئے گی 

 

کراچی: اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ نے اپنے سی ایس آر پروگرام کے تحت گھگر پھاٹک بن قاسم ٹاؤن کراچی میں پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ تعمیر کرنے کیلئے سینا ہیلتھ، ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ حال ہی میں2 نئے اسکولز کی تعمیر کیلئے ٹی سی ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز نے قریبی علاقوں میں بنیادی صحت کی معیاری خدمات مفت فراہم کرنے کیلئے سینا ہیلتھ، ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ معاہدے پر دستخظ کئے ہیں۔ پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ کی تعمیر پر1.57کروڑ روپے لاگت آئے گی جس میں گھگر پھاٹک کے دیہاتوں اور ملحقہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو بنیادی صحت کی معیاری خدمات مفت فراہم کی جائیں گی۔ معاہدے پر اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران انور اورسینا ہیلتھ، ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر آصف علی عمران نے دستخط کئے۔
اس موقع پر اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کے ہیڈ آف پبلک افیئرز اینڈ سی ایس آر راؤ مبین احمد نے کہاکہ اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز نے 2017میں گھگھر پھاٹک کے مختلف دیہاتوں میں متعدد میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا ۔ ان کیمپس میں تقریباً5000مقامی رہائشیوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ میڈیکل کیمپس میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر علاقے میں پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ قائم کرنے کی ضرورت تھی جو علاقے میں صحت کی بہتری کیلئے مدد فراہم کرے۔ اسی لئے اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز نے پرائمری ہیلتھ کیئر یونٹ کی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے صحت کے شعبے میں معیاری خدمات فراہم کرنے والے ادارے سیناہیلتھ، ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ گھگھر پھاٹک کا ہیلتھ کیئر یونٹ پیپر لیس ہو گا اور اس میں کوالیفائیڈ ڈاکٹرز، فیملی میڈیسن کنسلٹنٹ،الٹرا ساؤنڈ کی سہولت، لیب ٹیسٹنگ اور کلیکشن پوائنٹ، فارمیسی، الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ سسٹم، پیشنٹ ریفرل سسٹم کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ذیابیطس ، ہائی بلڈپریشر اور علاے میں دیگر بیماریوں کی روکھ تھام کیلئے ہیلتھ کیئر پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ سینا ہیلتھ ٹرسٹ علاقے میں بیماریوں کی روک تھام اور صحت کو فروغ دینے کیلئے اپنے کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے کمیونٹی انگیجمنٹ پلان بھی متعارف کرائے گی۔
اس موقع پر اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران انورنے کہاکہ ہم اپنی سی ایس آر حکمتِ عملی کے تحت ان کمیونیٹیز کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پُر عزم ہیں جن میں تعلیم، صحت اور پینے کا پانی کی بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرہ ایک صحت مند تبدیلی لاسکتا ہے۔ اینگرو یہ سمجھتی ہے کہ ملحقہ کمیونیٹیز کو تبدیلی کیلئے مواقع فراہم کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر سینا ہیلتھ، ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر آصف علی عمران نے کہاکہ سستی، معیاری اور قابلِ رسائی پرائمری ہیلتھ کیئر ہرفرد کا بنیادی حق ہے۔ سینا ٹرسٹ اپنی 27کلینکس میں بین الاقوامی اسٹینڈر ڈکے مطابق بنیادی صحت کی معیاری خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز کے ساتھ اشتراک سینا کے مقصد کراچی کے پسماندہ کمیونیٹیز کوسستی اور قابلِ رسائی پرائمری ہیلتھ کیئر خدمات فراہم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔