طبی جامعات و کالجز کے لیے این ٹی ایس داخلہ امتحان کے نتائج آج رات یا جمعرات کی صبح اپ لوڈ کر دیے جائیں گے

326

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کی جانب سے سندھ کی تمام سرکاری طبی جامعات و کالجز میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور فارمیسی سال اول میں داخلوں کے لیے28 اکتوبر 2018ءکو لیے گئے داخلہ امتحان کے غیر حتمی نتائج آج رات (31 اکتوبر) یا جمعرات (یکم نومبر کی صبح) تک این ٹی ایس کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے جائیں گے جب کہ حتمی نتائج تین روز بعد اپ لوڈ کیے جائیں گے، این ٹی ایس پرچہ آؤٹ ہونے کی بے بنیاد خبریں چلانے اور این ٹی ایس کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کرنے والے ذرائع ابلاغ کے خلاف پیمرا سے رجوع کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار این ٹی ایس کے ریجنل ڈائریکٹر سید مسعود الحسن رضوی نے ”جسارت“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید مسعود الحسن رضوی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ بھر کی طبی جامعات و کالجز میں داخلے کے لیے قریباً 25 ہزار امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی اور ان کے لیے کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ اور لاڑکانہ میں 5 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے، کراچی میں 8500، حیدرآباد میں 7700، لاڑکانہ میں 3608، سکھر میں 3600 اور نواب شاہ میں1600 امیدواروں نے امتحان دیا تھا۔ سید مسعود الحسن رضوی نے بتایا کہ قابل اساتذہ اور ماہرین کی نگرانی میں نتائج کی تیاری کا عمل جاری ہے اور امید ہے کہ آج رات یا جمعرات یکم نومبر کی صبح تک غیر حتمی نتائج این ٹی ایس کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے جائیں گے جس کے بعد طلبہ و طالبات کو اعتراض کے لیے تین دن کا وقت دیا جائے گا اور اس کے بعد حتمی نتائج کا اجرا کر دیا جائے گا اور حتمی نتیجہ تمام طبی جامعات اور کالجز کی انتظامیہ کو بھیج دیا جائے گا جن کی بنیاد پر داخلوں کے عمل کا آغاز ہو جائے گا۔ سید مسعود الحسن رضوی کا مزید کہنا تھا کہ این ٹی ایس نے پرچہ آؤٹ ہونے کی بے بنیاد خبروں کے ذریعے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو گم راہ کرنے اور ان ٹی ایس کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کرنے والے ذرائع ابلاغ کے خلاف پیمرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد ہی ان ذرائع ابلاغ کے خلاف درخواست پیمرا میں دائر کر دی جائے گی۔