عاشقان مصطفی ﷺ نے چیف جسٹس کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے

199

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) عدالت عظمیٰ کی طرف سے گستاخ رسول ﷺ ، ملعونہ آسیہ مسیح کی سزائے موت ختم کرکے رہائی کے فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام گزشتہ روزمری روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شرکا نے گستاخ رسول ﷺ کی سزا ٗ سر تن سے جدا ٗ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ نا منظور کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔اور وہ پُر جوش نعرے لگا رہے تھے۔ غلام ہیں ، غلام ہیں رسول ﷺ کے غلام ہیں ۔ غلامی رسول میں ٗ موت بھی قبول ہے۔ جو نہ ہو عشق مصطفی ﷺ ٗ تو زندگی فضول ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری ضیااللہ چوہا ن ٗ نائب اُمرا رضا احمد شاہ ٗ سید عزیر حامد ٗ رضوان احمد ٗسابق ایم پی اے حنیف چودھری ٗ امیر پی پی 15 ظفر یاسین ٗ امیر پی پی 16 سید ارشد فاروق ٗممبر چکلالہ کینٹ بورڈ خالد مرزا ٗ نائب امیر پی پی 11 حاجی نصیر مغل ٗ نائب صدر جمعیت اتحاد العلما راولپنڈی خالد عمران خالد ٗ منتظم جمعیت طلبہ عربیہ پنجاب حافظ اشفاق احمد ٗ پریم یونین ریلوے کے رہنماراجا لطیف اورجمعیت اہلحدیث کے قاری عبدالوکیل راہی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کے عاشقان مصطفی ﷺ نے چیف جسٹس کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے کو واپس لے۔ اس فیصلے کے ذریعے سے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا گیا ہے۔ امریکا اور یورپ کو خوش کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔مسلمان ہر ظلم وستم برداشت کر سکتا ہے ٗ مگر نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کبھی بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آئے روزتوہین عدالت میں لوگوں کو سزائیں دے رہے ہیں مگر توہین رسول ﷺ کی مجرم کو رہا کردیا ہے۔نواز شریف کی حکومت کا زوال ممتاز قادری کو پھانسی دینے کے فیصلے سے ہوا تھا ۔ موجودہ حکومت کے زوال کا آغاز آج سے ہو گیا ہے۔ سید عارف شیرازی نے اعلان کیا کہ 2 نومبر بعد نماز جمعہ آخری بس سٹاپ ٹنچ بھاٹہ ٗ محمدیہ مسجد ایف بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن اور صادق آباد میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔