آسیہ کی رہائی سے امت محمدیہ ﷺکے دل زخمی ہوگئے، راجا محمد جواد

137

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)نومنتخب امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہاہے کہ نبی مہربان ﷺکی شان میں گستاخی کی مرتکب ہونے والی آسیہ مسیح کوعدالتی حکم کے ذریعے رہا کرنے سے پاکستان سمیت پوری امت محمدیہ ﷺکے دل زخمی ہوگئے ہیں،اس سے قبل شہید ممتازقادری کوجلدبازی میں پھانسی دے کراسلام دشمنی کا مظاہرہ کیا گیاجبکہ پھانسی کی سزاپانے کے باوجود متعدد گستاخ رسول آج بھی جیلوں میں موجود ہیں ،ہم ایسے اقدامات پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اورپرامن اندازمیں اس اقدام کے خلاف توانا آوازاٹھائیں گے۔ان خیالا ت کااظہارانہوں نے تقریب حلف برداری اوربعدازاں آسیہ کی رہائی کے خلاف جی ٹی روڈ پرمنعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں سبکدوش ہونے والے امیرضلع شمس الرحمن سواتی، امیرسٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سیدعارف شیرازی، ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،ضلعی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمے دار اور کارکنان بھی شریک تھے ۔راجا محمدجواد نے کہاکہ ٹرائل کورٹ نے فریقین کوسننے اورآسیہ مسیح کے اعتراف کے بعد اسے پھانسی کی سزاسنائی تھی اس کے بعد ہائیکورٹ نے بھی مکمل کیس سننے کے بعد اس پھانسی کوبرقراررکھا تواب اس گھناؤنے واقعہ میں کیسے تبدیلی آسکتی ہے کہ گستاخ رسول کورہاکردیا گیا،ایسے اقدامات سے لاقانونیت کے راستے کھلیں گے اورعوام کا عدالتوں سے اعتماد ختم ہوجائے گا ،عاشقان رسول ﷺکوپھانسی اورگستاخان رسول ﷺکوکھلی چھوٹ دینے سے ان کے حوصلے مزید بڑھیں گے ،عالمی طاغوتی قوتوں کی آسیہ کیس میں غیرمعمولی دلچسپی بھی معاملے کومزید مشکوک بنا رہی ہے ۔ ایسے اقدامات سے گریزکیا جائے جن سے پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بدترہواورقانون کی حکمرانی کوخطرات لاحق ہوں ۔