سکھر( نمائندہ جسارت)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکے ترجمان پروفیسر محمد ابراہیم کھوکھر خیرپور میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں فیس میں اضافے کے خلاف لگائے گئے احتجاجی کیمپ اور یونیورسٹی پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اپنے تردیدی بیان میں کہا ہے کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور پورے پاکستان میں سب سے کم فیس میں معیاری اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے والی واحد یونیورسٹی ہے۔ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور اور پاکستان کی دوسری سرکاری یونیورسٹیوں کی فیسوں میں 50فیصد کمی کا واضح فرق ہے پر کچھ عناصر اور نوجوان دوست منفی پروپگنڈے کا حصہ بن کر یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف بلا وجہ احتجاج کررہے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سو کلومیٹر فاصلے تک طلبہ و طالبات کو روزانہ پوائنٹ بس سروس، ہاسٹل میں لوڈشیڈنگ فری بجلی کی سہولت اور تمام طلبہ و طالبات کو مفت وائی فائی سروس فراہم کرنے والی واحد جامعہ ہے۔ یونیورسٹی میں اس وقت پرامن ماحول میں تدریسی عمل زور شور سے جاری ہے مگر کچھ لوگ سندھ دشمنی اور تعلیم دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کا پرسکون ماحول خراب کرنے کی ناکام سازش کررہے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ایسی بے بنیاد خبریں اور ناکام کوششیں کبھی کامیاب نہ ہوں گی۔