پولیس اہلکار کی غلط کار پارکنگ پر ینگ ڈاکٹرز آپے سے باہر

80

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)سول اسپتال کوئٹہ کی پارکنگ کے سامنے پولیس اہلکار کی کار غلط پارک کرنے اور راستہ بند ہونے پر ڈاکٹرعبدالمالک اور پولیس اہلکار میں تلخ کلامی ہو گئی ، اس دوران ڈاکٹر وں نے جمع ہو کرپولیس اہلکار کو دبوچ لیا ، ہاتھا پائی میں پولیس اہلکار زخمی ہو گیا ۔ واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹر زنے شعبہ حادثات اور او پی ڈی کو احتجاجاً بند کردیا جس کے باعث دور دراز علاقوں سے ایمرجنسی میں لائے گئے مریض اور ان کے تیمارداروں کو سخت ذہنی و جسمانی کوفت کا سامنا کرناپڑا۔ مریضوں کا کہنا تھا کہ 2 افراد کے معاملے کی سزا شہریوں کو دی جارہی ہے، حکومت ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حمل بگٹی نے بتایا کہ سادہ لباس اہلکار نے ڈاکٹر پر پستول تانی اور دھمکیاں دیں۔ اسپتال میں ڈاکٹروں کو تحفظ حاصل نہیں ، پولیس اہلکار ، با اثر مریض اور ان کے رشتہ دار ڈاکٹروں پر تشدد کرتے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اہلکار پر مقدمہ درج کیا جائے۔ بعد ازاں محکمہ صحت اور صوبائی وزیر صحت کے نمائندے کی موجودگی میں راضی نامہ کرلیا گیا۔ ینگ ڈاکٹر زنے اس کے بعد اپنا احتجاج ختم کردیا۔