بلوچستان : ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 9 جاں بحق

212

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے علاقے خضدار اور مستونگ میں ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 7افراد سمیت 9افراد جاں بحق،20 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق۔ خضدار میں باراتیوں کی بس حادثے کا شکار ہو رگئی ، جس میں ایک ہی خاندان کے7 افراد سمیت 8افراد ہلاک اور 19زخمی ہوگئے۔ لیویز اورڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ملت کمپنی کی بس LES1727کوئٹہ سے ایک ہندو خاندان کے باراتیوں کو لے کر کراچی جارہی تھی کہ خضدار سے 25کلومیٹر دور ’زاوا ‘کے قریب خطرناک موڑ پر بس ڈرائیور نے مزدا اور بس کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اس دوران بس ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور مزدا TKY902سے ٹکرا گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور لیویز کے اہلکار،امدادی عملے نے لاشوں
اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔جبکہ3شدیدزخمیوں کوسی ایم ایچ خضدار پہنچایا گیا جہاں سے ایک زخمی کو علاج کے لیے کراچی بھیج دیا گیا۔ ہلاک باراتیوں کا تعلق جعفرآباد کے علاقے گنداخہ کے ایک ہی خاندان سے تھا ۔ مرنے والوں میں ڈرائیور محمد عارف ولد محمد لعل ،سرل چند ولد ہزاری چند، دلت کماراورشری چند وغیرہ شامل تھے۔ ادھر مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ کے قریب حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ہوٹل کے قریب تیل فراہم کرنیوالی گاڑی ٹائر برسٹ ہونے سے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دکان میں جا گھسی جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی ۔آگ میں جھلسنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔لاش اور زخمی کو شہید نواب غوث بخش میموریل اسپتال منتقل کردیا گیا ۔