مولانا سمیع الحق کی شہادت عظیم قومی سانحہ ہے ،سید عارف شیرازی

163

راولپنڈی (نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سیدعارف شیرازی ٗجنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ٗنائب اُمرا شیخ مسعود احمد ٗ رضا احمد شاہ ٗڈاکٹر محمد کاشف شیخ ٗقاضی محمد جمیل ٗسید عزیر حامد ٗ رضوان احمد ٗڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد طارق رضا ٗجاوید اختر ٗ محمد عثمان آکاش ٗراجا ممتاز حسین اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمداعظم نے جمعیت علما اسلام (س) کے سربراہ اور جامعہ اسلامیہ اکوڑہ خٹک کے مہتمم مولانا سمیع الحق کی شہادت پر دلی تعزیت اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک عظیم قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں جماعت اسلامی کے عہدیداران نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کا قتل حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ افسوس ناک امر یہ بھی ہے کہ موجودہ حکومت نے قومی سطح کے مذہبی رہنما کو سیکورٹی بھی فراہم نہیں کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ایک جید عالم دین اور قدآور سیاسی رہنما تھے۔ وہ معتدل مزاج شخصیت تھے اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے سرگرم رہتے تھے۔ملت اسلامیہ پاکستان اور اُمت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے ہمیشہ آگے بڑھ کر قائدانہ کردار ادا کرتے تھے۔ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مولانا سمیع الحق شہید کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دے اور اس گھناؤنی واردات کے پیچھے چھپے عناصر کو بھی بے نقاب کرے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا سمیع الحق کی مغفرت فرمائے۔ اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔ جملہ پسماندگان اور لواحقین کو اس صدمہ پر صبر اور حوصلہ کی توفیق عطا فرمائے۔