ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلیے چین کے تعاون کے شکر گزار ہیں ، امیر العظیم

77

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ چینی حکومت کی جانب سے پاکستان کومعاشی اعتبار سے مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے تعاون کاپوری پاکستانی قوم خیر مقدم کرتی ہے۔چین پاکستان کاآزمودہ دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہماری مدد کی ہے۔ملک وقوم کو درپیش سنگین معاشی بحران سے نکالنے کے لیے چینی حکومت کی نیک خواہشات اور عملی تعاون کادل سے احترام کرتے ہیں۔سی پیک کی جلد تکمیل کرنے سے پاکستان میں معاشی انقلاب برپاہوسکتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزتقریب سے خطاب اور عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاک چین دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو خطے میں معاشی ترقی کے لیے تجارتی واسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ درحقیقت گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس عظیم منصوبے سے خوشحالی کے ایک نئے دورکا آغاز ہوگا۔المیہ یہ ہے کہ کچھ دشمن قوتیں اس سے خائف ہوکر منفی پروپیگنڈاکررہی ہیں جن میں امریکا اور بھارت سرفہرست ہیں،ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اتحادویکجہتی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت مہنگائی چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔گیس،بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کاجن بے قابو ہوچکا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے درجنوں اشیاء کی قیمتوں میں انتہاکااضافہ ہوچکا ہے۔گیس،بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نجات کے لیے دوست ممالک سے تعاون سے بہترآئے گی۔عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی ترقی کے لیے کرپشن کا راستہ روکنا ہوگا اوراس کے لیے سخت ترین اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ہمیں ملک وقوم کی بہتری کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی فضاکوقائم کرناہوگا۔