صدرجماعت اسلامی یوتھ ضلع راولپنڈی و دیگر اڈیالہ جیل سے رہا

102

راولپنڈی (نمائندہ جسارت)صدرجماعت اسلامی یوتھ ضلع راولپنڈی کے سردارتفہیم اعظم سمیت 10ذمے داران وکارکنان اڈیالہ جیل سے رہا ،تین دن قبل ایڈیشنل ایس پی پوٹھوہار عثمان طارق اورایس ایچ اومورگاہ ملک کاشف نے ملعون آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی کے زیراہتمام پرامن احتجاج پرتشدد کے بعد گرفتارکرکے اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد قصوری چکی میں ایک فرد کی گنجائش کی جگہ پر6,6 افراد کورکھا گیا تھا ۔رہا ہونے والے ذمے داران و کارکنان میں سرداررفیع الدین ،احسن عباسی،زاہد محمود ، سردار حمزہ قیوم، تفہیم اعظم ،سردارایازافضل ،وقاص قاضی ، چوہدھر ی شہباز،راشدحفیظ اورہارون احمد شامل ہیں۔ ضلعی ترجمان انعام الحق اعوان کے مطابق کمشنر راولپنڈی نے ہفتے کی شام 6بجے جماعت اسلامی کے عہدیداران کوبتادیا تھا کہ رہائی کے آرڈرزہوچکے ہیں اورفی الفوررہائی ہوجائے گی ،لیکن اس کے باجود اڈیالہ جیل حکام نے تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے 12بجے رات گئے رہائی کا پراسس کیا ۔تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے غازیوں کی رہائی کے بعد ذمے داران وکارکنان کی بڑی تعداد نے اڈیالہ جیل کے باہران کا استقبال کیا اورانھیں پھولوں کے ہارپہنانے کے بعد جلوس کی شکل میں جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹریٹ بالمقابل ہائیکورٹ بلڈنگ لایا گیا ۔جہاں جماعت اسلامی کی جانب سے استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرضلع راجہ محمدجوادنے کہا کہ نوجوانوں میں نبی اقدس ﷺ کی ناموس کی خاطرہرطرح کی قربانی دینے کاجذبہ قابل ستائش ہے ،اسلام اورقرآن وسنت سے تعلق کومزید مضبوط کریں اورپاکستان کوایک اسلامی ریاست بنانے کیلئے جدوجہدکوتیزترکریں ،ناموس رسالت ﷺکے تحفظ کیلئے جیل میں جاکرجماعت اسلامی یوتھ کے نوجوانوں نے سنت یوسفی کوزندہ کیا ہے ۔ہمیں مل جل کرایسی کوشش کرنی ہوگی کہ مسنداقتدارپر اللہ کاخوف رکھنے والے حکمران ہوں تاکہ اسلام مخالف فیصلے نہ ہوسکیں ۔اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ، نائب امیرضلع امتیازعلی اسلم وسیدعزیرحامد،ضیاء اللہ چوہان ،غلام مجتبیٰ عباسی،ملک عمران خان ، سردار عبدالقیوم،ملک محمد الیاس،اصغرخان سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔