چین سے کچھ نہیں ملا،کنٹینر اور چین میں تقریر ایک جیسی تھی،وزیر اعلیٰ سندھ

333

وزیراعظم عمران خان کے دورۂ چین سے متعلق مراد علی شاہ نے کہا کہ چین سے وزیراعظم کو کچھ نہیں ملا، ان کی کنٹینر والی اور چین میں تقریر ایک جیسی تھی، وزیراعظم پاکستان کے لیے چین گئے ہمیں امید تھی کہ چین میں سندھ کے لیے بھی بات ہوگی لیکن سندھ کو ماضی کی طرح اس بار بھی اندھیرے میں رکھا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے حوالے سے کہنا تھا کہ فواد چوہدری وہی ہےجو کبھی آصف علی زرداری کی تعریفیں کرتے تھے، آج کسی اور کی تعریف کررہے ہیں جب کہ ہم کہتے ہیں کہ ہم ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں تو ان کی طرف سے کہا جاتا ہے این آر او مانگ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی صورتحال بہت زیادہ خراب  ھی، ہم پولیس کے پہرے میں ہائی ویز پر سفر کرتے تھے لیکن سندھ حکومت کی محنت سے امن و امان میں بہتری آئی۔ ہم نے سندھ میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دیئے جس کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے سندھ کو ترقی دی، تھر میں انفر اسٹرکچر پر کام کیا، انہوں نےکہا کہ مشرف کے دور میں تھر گیا تھا خراب سڑکوں کی وجہ سے 8 گھنٹے سے زیادہ لگے تھے۔ لیکن ہماری حکومت نے تھر میں سڑکیں اور انفراسٹرکچر پر کام کیا، تھر کی خوبصورتی اور ترقی نے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا ہے، مٹھی اسپتال کو بہت بہتر کیا وہاں پر میڈیکل مشینریز، آپریشن تھیٹر اور اسپتال کے ضروری سامان میں اضافہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نیب کا نام لیے بغیر اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران کو خوف کے گیھرے میں لایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ملازمین اپنی ڈیوٹی سر انجام نہیں دے پارہے ہیں، ملازمین کو خوف کے ماحول سے نکالنا ہوگا، نہیں تو کچھ نہیں کرسکیں گے، ہمیں گورننس کے سنجیدہ مسائل ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔

مراد علی شاہ نے نیب کے سلوگن پر بھی تنقید کی اور کہا ‘سے نو ٹو کرپشن‘ سےظاہر ہوتا ہےکہ ہم سب کرپٹ ہیں، کرپشن کا خاتمہ سلوگن سے نہیں ہوگا بلکہ اچھی گورننس سے ہوگا۔