میئر سکھر، بیرون ملک مزے لوٹنے میں مصروف، شہر مسائلستان بن گیا

108

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سندھ کا تیسرا بڑا شہر سکھر مسائلستان بن گیا ہے، شہر سے منتخب نمائندے ایوانوں اور میئر سکھر بیرون ملک کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں، شہر کے اہم تجارتی و رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ہے، مفلوج نکاسی نظام کے باعث گٹروں کا گندا پانی شاہراہوں پر نکلنا معمول بن گیا ہے، شہریوں کو مضر صحت پانی کی فراہمی کی وجہ سے مختلف امراض جنم لے رہے ہیں، میئر سکھر لندن میں جھوٹے اقدامات دکھا کر ایوارڈ وصول کررہے ہیں جو کہ لمحہ فکر ہے۔ یوسی میں صفائی ستھرائی کے لیے 25 افراد کے بجائے صرف 5 سے 6 افراد صفائی کے لیے دیے گئے ہیں جس سے یوسی میں صفائی ستھرائی کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میئر سکھر ناقص کارکردگی پر ایوارڈ وصول کرنے کے بجائے شہر کی ابتر صورتحال پر توجہ دے کر ہنگامی بنیادوں پر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں، بصورت دیگر سکھر ڈیولپمنٹ الائنس احتجاج کرتے ہوئے سکھر میونسپل کارپوریشن کے سامنے احتجاجی دھرنا دے گا۔