پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئی

90

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر محمد رفیق ڈوسانی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئی ہے۔ توانائی مہنگی ہونے سے زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوتا ہے۔ ذرائع نقل و حمل پر اخراجات میں اضافہ ہونے سے سامان تجارت کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ دوسری جانب کاروباری اخراجات کی لاگت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ صنعت و تجارت اور عام شہری پر مالی بوجھ میں اضافے کا سبب ہے، جس سے صنعتی پیداوار اور اشیائے ضروریہ مہنگی ہوجانے سے دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافے کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بین الاقوامی تجارتی توازن بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اختیار کرے اور برآمدی تجارت کو فروغ دینے کے لیے صنعتی و تجارتی لاگت میں کمی لانے کی پالیسی مرتب کرے۔