سکھر، مچھر مار اسپرے شروع نہ ہوسکا ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

105

سکھر (نمائندہ جسارت) بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی نے طویل عرصے سے شہر میں مچھر مار اسپرے مہم شروع نہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنجان آبادی والے علاقوں میں مچھروں کی بہتات نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ مچھروں کے کاٹنے کے باعث مرد و خواتین، بچے، ضعیف العمر افراد بخار، کھانسی، نزلہ زکام سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی مسلم، حاجی خضر حیات، حاجی یامین، عبدالجبار راجپوت، حافظ شعیب و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حاجی شریف بندھانی و دیگر نے کہاکہ گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، وسپور محلہ، رائل روڈ، مائیکرو کالونی، نمائش چوک، ریجنٹ سینما، بھوسہ لائن، نواں گوٹھ، نیوپنڈ، آدم شاہ کالونی، بہار کالونی ودیگر علاقوں میں مچھروں کی بہتات ہے، بالخصوص وہ علاقے جہاں پر کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، ان علاقوں میں مچھروں کی افزائش نسل ہورہی ہے۔ ماضی میں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو مختلف مسائل سے بچانے کے لیے قبل از وقت حفاظتی انتظامات کیے جاتے تھے اور موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہر کے تمام علاقوں میں مچھر مار اسپرے بھی کیا جاتا تھا مگر اب میونسپل انتظامیہ کی جانب سے نہ تو شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے اور نہ ہی صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ طویل عرصے سے گنجان آبادی والے علاقوں میں مچھر مار اسپرے مہم بھی شروع نہیں کی گئی ہے۔ رہائشی علاقوں میں جمع کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کے پانی میں مچھروں کی افزائش ہورہی ہے، میونسپل انتظامیہ کی جانب سے نہ تو کچرے کے ڈھیر صاف کیے جارہے ہیں اور نہ ہی مچھر مار اسپرے مہم شروع کی جارہی ہے۔ انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر، ڈپٹی مےئر سکھر و دیگر حکام سے اپیل کی کہ شہر بھر کے تمام علاقوں میں فوری طور پر مچھر مار اسپرے مہم شروع کرائی جائے۔