کراچی:نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ ان کا ڈیٹا اور رقم محفوظ ہے۔بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بینک کا نظام، صارفین کی رقم اوران کا سرمایہ بھی محفوظ ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل بینک نے ایسے بے ضرر حملوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رکھے ہیں۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل سائبر حملے سے پاکستان کے نو بینکوں کے صارفین متاثر ہوئے ہیں۔
ہیکرز نے حبیب بینک، بینک اسلامی، فیصل بینک، بینک الفلاح، جے ایس بینک، سامبا بینک، سونری بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اور بینک آف پنجاب کے صارفین کے کارڈز کا ڈیٹا چرایا ہے۔ترجمان اسٹیٹ بینک عابد قمر کے مطابق پاکستانی صارفین کے ڈیٹا پر کئی ممالک میں کیش نکلوایا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کیپٹن ریٹائرڈ شعیب نے بھی سائبرحملے کی تصدیق کی ہے۔ایف آئی اے کے مطابق سائبر حملوں کے دوران اکاؤنٹس سے 26 لاکھ ڈالرز نکالے گئے۔
حکام کے مطابق اب تک صرف 100 شکایات ہی وصول ہوئی ہیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔سائبر سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 19 ہزار سے زائد ہیک کیے گئے کارڈز میں ویزا اور ماسٹر کارڈز شامل ہیں۔نیشنل بینک آف پاکستان کے مطابق عالمی ہیکرز پاکستان کے ایک بینک کے آئی ٹی سسٹم میں داخل ہوئے تھے تاہم سیکیورٹی ماہرین سے اس کی تردید کی ہے۔آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے کارڈز کا ڈیٹا اے ٹی ایم مشینز اور دیگر آلات کی مدد سے چرایا ہے۔سائبر حملے کے بعد متعدد پاکستانی بینکوں نے انٹرنیشنل ادائیگیاں بند کر دی ہیں اور اے ٹی ایم سروسز بھی محدود کردی ہیں۔ بینکوں نے صارفین کے ویزا، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کی تبدیلی کا عمل شروع کر دیا ہے۔