اینٹی رائٹس فورس کی تشکیل کا فیصلہ

295
کراچی: ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ اینٹی رائٹس فورس کی تشکیل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانا پولیس کی اولین ترجیح ہیں، محدود وسائل کے باوجود پوری کوشش جاری ہے، بزنس کمیونٹی کی تجاویز قیام امن میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر دانش خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینیٹر عبدالحسیب خان، سینیئر نائب صدر فراز الرحمن ، نائب صدر ماہین سلمان، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر ندیم خان نے ڈی آئی جی ساؤتھ کا کاٹی آمد پر خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں کے طفیل قیام امن ممکن ہوا، شہر میں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا بزنس کمیونٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر دانش خان نے کورنگی صنعتی علاقے سے متعلق ڈی آئی جی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتالوں اور سڑکوں کی بندش سے صنعتی عمل متاثر ہوتا ہے،
جس کے باعث معیشت براہ راست متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وسیع تر حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ تھانہ کلچر میں بہتری آج بھی بڑا چیلنج ہے جسے حل کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ بعدازاں کاٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ قیام امن میں بزنس کمیونٹی کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کی جاری ہیں اور یہ پولیس کی اوّلین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگامہ خیزی ، احتجاج اور مظاہروں وغیرہ جیسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اینٹی رائٹ فورس کی تشکیل کا فیصلہ ہوچکا ہے، اس میں شامل اہل کاروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر و صنعت کار برادری نے ہمیشہ قیام امن کے لیے بھرپور تعاون کیا ہے اور ان کی تجاویز انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں کاٹی کی خدمات کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔ اس اجلاس میں کاٹی کے سابق صدور طارق ملک، مسعود نقی، زاہد سعید، فرحان الرحمن، فرخ مظہر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔