بلوچستان حکومت کا گوادر میں زمین لیز پر دینے کا فیصلہ

122

کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے گوادر میں نجی کمپنیوں کو زمنیوں کے مالکانہ حقوق کے بجائے لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال جو گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چین کے دورے سے وطن واپس پہنچے ہیں کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چین بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ کہ گوادر کی زمینیں اور صوبے کے قدرتی وسائل بلوچستان کا اثاثہ ہیں، ان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ جام کمال کا کہنا تھا کہ حالیہ دورہ سے چین اور بلوچستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، صوبہ جلد مالی بحران سے نکل جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کی سابق حکمرانوں نے سی پیک منصوبے کو متنازع بنا کر نہ صرف شکوک وشہات پیدا کیے بلکہ تمام منصوبوں کو صرف ایک صوبے تک محدود رکھا۔ بجلی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم کے وقت سابق صوبائی حکومتوں کی خاموشی صوبے کے لیے نقصان دہ رہی۔