جشن میلاد النبیؐ شایان شان طریقے سے منائیں گے، میئر سکھر

135

سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی جشن میلاد النبیؐ شایان شان طریقے سے منائیں گے، سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے اہم مقامات اور سرکاری املاک کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب جشن میلادالنبیؐ کے سلسلے میں علما کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مفتی ابراہیم قادری، قاری ساجد، عثمان فیضی، ڈپٹی میئر طارق چوہان، میونسپل کمشنر پیر واحد بخش، پی آر او پیر عطاالرحمن خان، ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی، چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر آصف علی خان سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر علما کرام نے 12 ربیع الاول کے جلوس، ریلیوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب نظام، اسٹریٹ لائٹس سمیت دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں، جس پر میئر بیرسٹر ارسلان شیخ نے میونسپل کمشنر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جشن میلادالنبیؐ کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوس اور ریلیوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب نظام کی درستگی سمیت اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی جائیں اور تمام انتظامات کو 12 ربیع الاول سے قبل حتمی شکل دے دی جائے تاکہ جلوس کے شرکا کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ آئیں۔ انہوں نے پی آر او پیر عطاالرحمن خان کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ہدایت دیں کہ وہ علما کرام سے رابطے میں رہیں اور جن مسائل کی نشاندہی کی جائے ان کا فوری ازالہ کیا جائے۔ محرم الحرام کی طرح ربیع الاول کے موقع پر بھی شہر کے اہم چوراہوں، مقامات اور شاہراہوں پر پینا فلیکس آویزاں کیے جائیں جبکہ گنبد خضریٰ کا خوبصورت ماڈل بھی تیار کروایا جائے اور گھنٹہ گھر پر تنصیب کے بھانتظامات کیے جائیں۔ اجلاس میں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے حالیہ دورہ امریکا کا تذکرہ کرتے ہوئے شرکا کو بتایا کہ ہمیں امریکی سپریم کورٹ کا دورہ کرایا گیا جہاں سپریم کورٹ کی عمارت پر عبارت تحریر تھی کہ ’’حضرت محمدؐ دنیا کے بہترین قانون دان ہیں‘‘ جسے پڑھ کر دلی خوشی محسوس ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم حضرت محمدﷺ کے امتی ہیں، آپؐ کی حیات طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ اور مشعل راہ ہے، آپؐ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریمؐ کی سنتوں پر عمل کریں۔