اپوزیشن اور حکمرانوں سمیت سب کامحاسبہ کیاجائے ،امیر العظیم

127

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ طاقت ور لوگوں کی جانب سے احتساب مخالف ہتھکنڈوں کے توڑ کے لیے نیب اپنے کام کو تیز اور ہمہ گیر کرے۔قوم بیانات کے بجائے نتیجہ خیز احتساب کی منتظر ہے۔نیب افسران کو اپنے عمل سے ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ حکومتی اثرورسوخ سمیت ابلاغی حملوں سے بھی نہیں ڈرتے۔ اپوزیشن اور حکمرانوں سمیت سب کا احتساب یقینی بنالیاتو قوم نیب کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔آئے روزکرپشن کے میگا اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں۔بینک افسران کی ملی بھگت سے اربوں روپے کاکالادھن غریب عوام کے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔نیب، ایف بی آر اور دیگر انسداد بدعنوانی کے تمام ادارے کرپشن کا قلع قمع کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ہر سال اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ اور پانچ ہزار ارب روپے کی سالانہ کرپشن لمحہ فکر ہے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن اور کرپٹ عناصر ناسور بن چکے ہیں جوکہ ملک کی معاشی جڑوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔جب تک ملک میں بلاتفریق احتساب کانظام رائج نہیں کرلیا جاتا ترقی وخوشحالی کاخواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ یکطرفہ احتساب سے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں اورپوی قوم اس حوالے سے تشویش میں مبتلا ہے ۔ قوم کوبتایاجائے کہ پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر 436 پاکستانیوں کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی گئی؟۔ انہوں نے کہاکہ یو ں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمرانوں کے پاس وژن نام کی کوئی چیز نہیں ،یہی وجہ ہے کہ ان کی 100 دنوں کی کارکردگی نے عوام کو مایوس کردیا ہے۔ کرپٹ افراد آزادی سے دندناتے پھررہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔عدالت عظمیٰ نے احتساب کاجونعرہ بلند کیا ہے اس کی تکمیل ہونی چاہیے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپٹ افراداور ان کی جانب سے کی جانے والی کرپشن ہے۔ اسمبلیو ں کوبدعنوان اور کرپٹ افراد سے پاک کرنا ہوگا۔قوم پاکستان کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتا ہے ۔ حکومت کی محض ڈنگ ٹپاؤاور دکھاوے کی پالیسیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔