ڈھائی کروڑ تعلیم سے محروم بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت کو یقینی بنایا جائے

99

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن ،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانوراوردیگرنے کہا ہے کہ ملک میں ہر سال لیبر مارکیٹ میں تیس لاکھ سے زائد نوجوان داخل ہوتے ہیں ،وزیراعظم اور چاروں صوبائی وزیراعلیٰ انہیں بامقصد روزگار مہیا کریں ۔ پاکستان میں ڈھائی کروڑ تعلیم سے محروم بچوں کو مفت معیاری تعلیم کی سہولت کو یقینی بنایا جائے، مہنگائی کے باوجود محنت کش طبقہ کی اجرتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا حکومت مہنگائی کے مطابق ان کی اجرتوں اور تنخواہوں میں اضافہ کرے پٹرول گیس بجلی اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے تنخواہ دار طبقہ اور غریب عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے وزارت خزانہ حکومت پاکستان کے پاس کارکنوں کی بہبود کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ آرڈیننس 1971ء کے قانون کے مطابق ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جمع شدہ رقم ایک کھرب 70 ارب روپے سے رہائش اور تعلیم کی بنیادی سہولیات جلد مہیا کرائی جائیں۔انہوں نے حکومت پاکستان سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ صنعتی تجارتی اوربینکوں کے کارکنوں کو ان کی ریٹائرمنٹ پر انہیں سوشل سیکورٹی ایمپلائز انسٹیٹیوشن آرڈیننس 1965ء کے تحت مفتی طبی بنیادی سہولت بحال رکھے۔ انہوں نے وزیراعظم سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں صحافی برادری کی اجرتوں میں اضافہ اور ان کو ملازمت کے تحفظ کے حق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔