ایران سے تجارت جاری رکھنے کا حکومتی اعلان مثبت اقدام ہے

84

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خان نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باوجود ایران سے تجارت جاری رکھنے کا حکومتی اعلان مثبت اقدام ہے، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد سازی کو فروغ اور دوستی کا گہرا رشتہ استوار ہونے کے ساتھ ساتھ خطے میں ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔ ہمیں ملک وقوم کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خارجہ پالیسی کو مرتب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکنے سے ہی ہم حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خود مختار قوم بن سکتے ہیں۔ ماضی میں پاکستان کے حکمرانوں نے اپنے غیر ملکی آقاؤں کوخوش کرنے کی غرض سے عوام دشمن اقدامات کیے جن کا خمیازہ پوری قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ ڈکٹیشن لے کر پالیسیاں مرتب کرنے کا سلسلہ جب تک ختم نہیں ہوجاتا ملک میں خوشحالی اور قوم کوحقیقی آزادی کااحساس نہیں ہوگا۔ المیہ یہ ہے کہ انگریزوں سے تو آزادی حاصل کیے ہوئے ہمیں 70 برس ہو گئے مگر ان کے بنائے ہوئے فرسودہ نظام اور معاشی پالیسیوں سے آج تک نجات حاصل نہیں کرسکے۔ ہمیں اپنے معاشی نظام کو سود سے پاک کرتے ہوئے اسلامی طرز معیشت میں بدلنا ہوگا تب ہی ہم دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ہمیں اپنی اجتماعی وانفرادی زندگی کو اسلام کے سنہرے اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔پوری قوم ملک میں حقیقی تبدیلی کی خواہشمندہے اور یہ تبدیلی صرف اور صرف پاکستان کومدینہ جیسی فلاحی ریاست بناکر ہی لائی جاسکتی ہے۔راناعدنان خان نے مزیدکہاکہ امریکا کبھی ہمارا دوست نہیں رہا، اس نے ہمیشہ صرف اپنے مفادات کو ترجیح دی ہے۔ ہمیں بھی ملکی مفادات کو اہمیت دینا چاہیے۔ قوم امریکا سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتی ہے۔ غیر ملکی پالیسیوں کے مطابق چلنا در حقیقت اپنی خودمختاری اور سلامتی کو داؤ پر لگانا ہے۔