کوۂ نور کے سرکاری علاقے میں گندگی کے ڈھیر،مکین پریشان

63

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیر چودھری سلیم گجر،جنرل سیکرٹری محمدعثمان انور،نائب امیر یوسف گل پراچہ اور دیگرنے کہا ہے کہ جڑانوالہ روڈ پرواقع کوہ نورکے سرکاری فلیٹ کے علاقہ میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیراور سیوریج کے گندے پانی اورصفائی کی ابترصورتحال نے مکینوں کا سانس لینابھی محال کردیاہے، ہرطرف کوڑے کے ڈھیر جن کو اٹھانے و الاکوئی نہیں جبکہ سیوریج کے پانی کے نکاس کاکوئی بندوست نہیں ہے ۔رہنماؤں نے کہاکہ محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ والے صفائی کرکے کوڑانہیں اٹھاتے بلکہ وہیں ڈھیرلگاجاتے ہیں جس سے علاقہ میں مکھیاں اور مچھروں کی بہتات ہے جبکہ سیوریج کے بندہونے سے فلیٹوں میں ہرطرف تعفن پھیلاہواہے جس کی بدبو سے اہل علاقہ کے بچے ، بوڑھے ،خواتین اورجوان مرد بیمار ہورہے ہیں، جماعت اسلامی پی پی115کے رہنماؤں چودھری سلیم گجر اور دیگر نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ علاقہ میں صفائی عملے کو کوڑا کرکٹ اٹھانے کاپابندکیاجائے اور سیوریج کو مستقل بنیادوں پر کھولا جائے تاکہ علاقہ سے تعفن کا خاتمہ ہو اور مکین صاف فضامیں سانس لے سکیں اوربیماریاں ختم ہوں۔