حکومت کا آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کرناناقابل فہم ہے،امیر العظیم

117

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ چین اور سعودی عرب سے ریلیف پیکیج کے دعوؤں کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت کا آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کرنا ناقابل فہم ہے۔ ایک طرف حکمران معاشی بحران ختم ہونے کی نوید سنا رہے ہیں تو دوسری جانب آئی ایم ایف کے دباؤپر عوام کوبجلی پر ملنے والی 186 ارب روپے کی سبسڈی واپس لینے کی تیاری کررہے ہیں۔ ایسے اقدامات سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ کہاں ہے تحریک انصاف کی تجربہ کار معاشی ٹیم جس کی بات عمران خان انتخابات سے قبل کیا کرتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بینکنگ نظام پر ہیکرز کے مسلسل حملے اور اکاؤنٹس میں لاکھوں روپے کی جعلسازی تشویش ناک ہے جس نے پوری قوم کو اضطراب میں مبتلا کرکے رکھ دیا ہے۔ لوگوں کی عمر بھر کی کمائی کو چند منٹوں میں لوٹ کر لے جانا افسوس ناک ہے، جس نے پورے بینکنگ نظام کی سیکورٹی پر سوالیہ نشان کھڑے کردیے ہیں۔ صرف پندرہ روز میں بینکنگ نظام پر تین ہزار سے زائد ہیکرز حملہ آور ہوچکے ہیں۔ ڈارک ویب پر فروخت ہونے والا صارفین کا ڈیٹا پاکستان میں آن لائن بینکنگ فراڈ میں ملوث مافیا خرید کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے استعمال کررہا ہے۔ سائبر کرائم اور دیگر انسداد بدعنوانی کے ادارے ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں، بصورت دیگر لوگوں کا حکومتی سیکورٹی اور بینکنگ نظام پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئے روز نت نئے انداز میں فراڈ اور کرپشن کے طریقے منظر عام پر آرہے ہیں، اس کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو بھرپور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹنے والوں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ حکومت وقت کی یہ بنیادی ذمے داری ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ایسی پالیسیاں مرتب کرے جن سے حقیقی معنوں میں لوگوں کو تحفظ کا احساس ہو۔ نیب ملک میں بلاتفریق احتساب کے حوالے سے پالیسی کو واضح کرے۔ عدالت عظمیٰ کے حالیہ ریمارکس نیب کی کارکردگی کا پول کھول دینے کے لیے کافی ہیں۔ کچھ مجرمان کو پکڑنے اور کچھ کو آزاد چھوڑ دینے سے قوم میں غلط پیغام جارہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں احتساب پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔
جماعت اسلامی ٹنڈوالٰہیار کا اجلاس، امیر دیدار حسین بحرانی کی صدارت میں ہوا
ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی ضلعٹنڈوالٰہیار کا اہم اجلاس نئے مقر ر ہونے والے امیر دیدار حسین بحرانی کی زیر صدارت منعقد ہو ا جس میں اتفاق رائے سے اور مثاورت کے بعد ضلعی تنظیم باڈی کا اعلان کیا گیا جس کے تحت ضلعی جنرل سیکرٹری محمد یونس قائم خانی، نائب جنرل سیکرٹری محمد علی قائم خانی،حاجی محمد شفیق مغل،عاشق حسین خانزادہ، عبدالجلیل سینھڑو، ابو نصراور عبداللہ خاضخیلی کو مقر ر کیا گیا ہے۔ اس موقعے پر ضلعی امیر دیدار حسین نے نو منتخب ہونے والوں سے حلف لیا۔ انہو ں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم جماعت کا پیغام ضلع کے ہر گھر تک پہنچائے ، مزید تنظیم سازی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا پیغام غلبہ اسلام کی دعوت کا پیغام دینا ہے اور دعا گو ہوں کہ ہماری پوری ٹیم اپنی بھر پور صلاحیتوں کے ذریعے عوام کو اس پلیٹ فارم پر لانے کے لیے اپنا بھر پور کر دار ادا کر تے ہوئے جماعت کو ٹنڈوالٰہیار میں مضبوط بنانے میں اپنی توانائی صرف کر یں گے۔