بلدیہ عظمیٰ ، بلا اجازت بیرون ملک جا کر واپس آنے والے 2 افسروں کا تبادلہ

143

 

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ عظمیٰ نے بغیر اجازت اچانک ملک سے باہر جاکر واپس آجانے والے سابق ڈائریکٹر سٹی وارڈن سمیت 3افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کردیے۔ باخبر ذرائع کے مطابق ان افسران کے تبادلے و تقرر کا حکم میئر وسیم اختر نے دیا ہے۔ سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کے حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس انور زیدی کا تبادلہ کرکے انہیں محکمہ ویلفیئر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی اسامی پر تعینات کردیا گیا جہاں سے آصف علی کو ہٹاکر محکمہ فنانس کا ایڈیشنل ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ چند ماہ قبل مبینہ طور پر بغیر اجازت اور اچانک ہی چھٹی پر چلے جانے والے ڈائریکٹر سٹی وارڈن عمران احمد کووطن واپسی پر محکمہ فنانس کے فنانشل ایڈوائزر کے حوالے کردیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ خصوصی تعلقات کی وجہ سے مذکورہ افسر سے بلا اجازت ملک سے باہر جانے پر جواب بھی طلب نہیں کیا گیا۔ یادرہے کہ فنانشل ایڈوائزر کی اسامی پر تعینات ڈاکٹر اصغر عباس ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں اور قواعد کے تحت ایک ڈاکٹر کو ایف اے کی اہم پوسٹ پر متعین کرناخلاف قانون ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فنانشل ایڈوائزر اور سابق ڈائریکٹر سٹی وارڈن کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن اور نیب دونوں ہی انکوائری کر رہے ہیں ۔