کرشنگ سیزن شروع کرنے کا حکومتی ا علان شوگر مل مالکان نے ہوامیں اڑادیا

100

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈکے ڈویژن صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ15نومبرسے کرشنگ سیزن شروع کرنے کے حکومتی ا علان کوشوگر مل مالکان نے ہوامیں اڑادیاہے ،جس کے باعث گنے کی کٹائی میں تاخیر سے گندم کی بوائی متاثر ہونے کا خدشہ، گنے کی مٹھاس، رس اور وزن کم ہورہا ہے، انہوں نے کہاکہ فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب کی کسی بھی شوگرمل نے حکومتی اعلان کے باوجود گنے کی کرشنگ کا آغاز کیا اور نہ بوائلر چلائے۔ ملز مالکان کی ہٹ دھرمی سے کاشت کاروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے کیونکہ گنے کا وزن دن پردن کم ہوتا جارہا ہے۔دوسری جانب گنے کی کٹائی میں تاخیر سے گندم کی بوائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شوگرمل مالکان کی ہٹ دھرمیوں کے باعث رواں سال کرشنگ سیزن کافی تاخیر سے شروع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پنجاب بھرمیں کسی بھی شوگرمل نے نومبرکانصف گزرجانے کے باوجود چمنی نہیں جلائی جس کی وجہ سے نومبر میں بھی شوگرملیں چلنے کا امکان ختم ہوگیا ہے، شوگرملوں کی چمنیاں کرشنگ شروع کرنے سے دس سے بارہ دن قبل جلائی جاتی ہیں،انہوں نے کہاکہ شوگرملوں کی جانب سے کرشنگ سیزن شروع کرنے میں کی جانے والی تاخیرکے باعث گنے کی فصل پر مختلف امراض نے حملہ کردیا ہے جبکہ پانی کی شدید قلت کے باعث گنا کھیتوں میں ہی سوکھنا شروع ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے کاشت کار شدید پریشانی کا شکار ہیں، انہوں نے کہاکہ گنا سوکھنے سے اسکے وزن میں کمی سے غریب کسانوں کازبردست مالی نقصان ہوگا، علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے چند شوگرمل مالکان من مانیاں کر رہے ہیں اور صوبے کے سیکڑوں کاشت کاروں کو بھاری مالی نقصان پہنچا رہے ہیں، حکومت پنجاب ان کے سامنے بے بس بنی ہوئی ہے، انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔